ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کرناٹک اسمبلی انتخابات: بھٹکل میں ہزاروں کارکنوں کے ساتھ ریلی نکالتے ہوئے کانگریس اُمیدوار منکال وئیدیا نے داخل کیا پرچہ نامزدگی

کرناٹک اسمبلی انتخابات: بھٹکل میں ہزاروں کارکنوں کے ساتھ ریلی نکالتے ہوئے کانگریس اُمیدوار منکال وئیدیا نے داخل کیا پرچہ نامزدگی

Mon, 17 Apr 2023 14:44:21    S.O. News Service

بھٹکل 17/اپریل (ایس او نیوز)   کانگریس اُمیدوار منکال ویدیا نے آج  پیر کو  ہزاروں  کارکنوں اور عوام کے ساتھ ریلی نکالتے ہوئے الیکشن آفسر ممتادیوی  کو اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ اس موقع پر اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے  منکال وئیدیا نے بتایا کہ گذشتہ انتخابات میں  بی جے پی نے جھوٹ کا سہارا لے کر ، ہوناور میں پریش میستا کی موت کو مرڈر قرار دے کر اور عوام کو گمراہ  کرکے  جیت حاصل کی تھی، مگر اب اُن کے جھوٹ کا پردہ فاش ہوچکا ہے،  عوام بی جے پی   کے کرتوتوں سے واقف ہوچکی ہے، اس بناء پر اب اس بار کے انتخابات میں اُن کا کوئی جھوٹ چلنے والا نہیں ہے۔ منکال وئیدیا نے پورے یقین کے ساتھ کہا کہ اِس بار کانگریس کی  جیت ہوگی اور عوام کانگریس کے ساتھ ہے ۔ منکال وئیدیا نے  بیروزگاری اور غریبی کو دورکرنے مناسب اقدامات کا یقین دلایا ، اسی طرح بھٹکل۔ہوناور اسمبلی حلقہ کے عوام کے لئے صاف پینے کے پانی کے پروجکٹ  کو شروع کرنے کا  منصوبہ ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے ہی دور میں  اس پروجکٹ کو منظوری دی گئی تھی، مگر بی جے پی سرکار نے اس کام کو آگے نہیں بڑھایا، مگر اِس بار پوری ریاست کرناٹک میں کانگریس  پوری قوت سے اقتدار پرواپس  آرہی ہے، اسلئے  عوام پرور پروجکٹ پر  کام ہوگا اور عوام کے مسائل کو  حل کرنے ہرممکن اقدامات کئے جائیں گے۔

صبح قریب گیارہ بجے  چن پٹن ہنومنت مندر میں پوجاپاٹ کے بعد منکال وئیدیا نے  کانگریس  کارکنوں کے ساتھ   ریلی نکالی۔ کانگریس اور منکال وئیدیا زندہ باد کے نعرے لگاتے ہوئے ہزاروں  کی تعداد میں عوام  پھول بازار سے مین روڈ ،  ماری کٹہ اور اولڈ بس اسٹائنڈ ہوتے ہوئے  تعلقہ انتظامیہ   یعنی منی ودھان سودھا عمارت پہنچے۔ ریلی میں بھٹکل بلاک کانگریس صدر وینکٹیش نائک، وسنت کھاروی،  راما موگیر، پشپا نائک، ضلع پنچایت کی سابق صدر  جئے شری موگیر ،  ہوناور سے ضلع پنچایت کے سابق نائب صدر آرایس رائیکر، منکی سے گوند نائک، منکال وئیدیا کی اہلیہ پُشپا لتا  ویدیا، ان کی دُختر بینا ویدیا ودیگر کافی لوگ موجود تھے۔   چونکہ الیکشن آفسر کے دفتر میں پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے موقع پر  صرف  اُمیدوار سمیت پانچ لوگوں کو ہی   داخلے کی اجازت ہے،اس بنا پر پرچہ نامزدگی داخل  کرتے وقت  کانگریس اُمیدوار منکال وئیدیا کے ساتھ ان کی اہلیہ پُشپا لتا ویدیا، کانگریس لیڈران  ایل ایس نائک،  آر ایس رائکر اور تمپا موگیر موجود تھے۔

 


Share: